اسلام آباد: ٹریفک خلاف ورزیوں پر مقدمات درج نہ کرنے کی ہدایت

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم نے ٹریفک پولیس کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے شہریوں کے خلاف مقدمات درج نہ کرنے اور قانون کے مطابق جرمانے کرنے کی ہدایت کردی۔
ڈی آئی جی نے متعلقہ افسران اور اہلکاروں کو ہدایت کی کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی صورت میں مقررہ قانون کے تحت جرمانہ عائد کیا جائے اور مقدمات کے اندراج سے گریز کیا جائے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس نے جون 2026 میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر باقاعدہ مقدمات درج کرنے کا سلسلہ شروع کیا تھا۔ ابتدائی دو ہفتوں کے دوران تقریباً 500 مقدمات درج کیے گئے، جبکہ جولائی اور اگست میں بھی ون وے کی خلاف ورزی، تیز رفتاری، لین ڈسپلن کی خلاف ورزی اور بغیر لائسنس ڈرائیونگ پر بڑی تعداد میں مقدمات درج کیے گئے۔
پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران متعدد گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو بھی تحویل میں لیا تھا۔
ڈی آئی جی علی وسیم نے ٹریفک پولیس اہلکاروں کو شہریوں سے خوش اخلاقی سے پیش آنے اور قانون کا یکساں نفاذ یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک قوانین کا بنیادی مقصد شہریوں کو بلاوجہ مشکلات سے دوچار کرنا نہیں بلکہ سڑکوں پر نظم و ضبط اور محفوظ سفری ماحول کو یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے شہریوں پر بھی زور دیا کہ دورانِ سفر ٹریفک قوانین کی پابندی کریں، ڈرائیونگ لائسنس اور گاڑی کے ضروری کاغذات ساتھ رکھیں، مقررہ رفتار کی حد کا خیال رکھیں اور ٹریفک سگنلز کی خلاف ورزی سے گریز کریں۔
پولیس کے مطابق ٹریفک قوانین کی پابندی سے نہ صرف قانونی کارروائی سے بچنے میں مدد ملتی ہے بلکہ سڑکوں پر حادثات اور ٹریفک مسائل میں کمی لانے میں بھی معاونت ملتی ہے۔



