ڈیپلو میں گجراتی عیسائی کمیونٹی کی خواتین کا ٹاؤن کمیٹی انتظامیہ کے خلاف احتجاج

تھرپارکر(رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) پریس کلب ڈیپلو کے سامنے گجراتی عیسائی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی خواتین نے ریشم گجراتی کی قیادت میں اپنے کمسن بچوں کے ہمراہ ٹاؤن کمیٹی انتظامیہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے سڑک بلاک کرکے ٹائر بھی نذرِ آتش کیے۔ مظاہرین خواتین کا کہنا تھا کہ انہوں نے تقریباً پانچ سال تک ٹاؤن کمیٹی میں بطور سویپر فرائض انجام دیے، تاہم تین سال قبل انہیں ملازمتوں سے فارغ کردیا گیا۔ خواتین نے الزام عائد کیا کہ ان کی جگہ انتظامیہ کی جانب سے اپنے من پسند افراد کو مقرر کیا گیا۔ احتجاج کرنے والی خواتین نے مطالبہ کیا کہ ٹاؤن کمیٹی ڈیپلو کے چیئرمین نواز جوڻيجو اور متعلقہ انتظامیہ معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے انہیں دوبارہ ملازمتوں پر بحال کرے۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ روزگار سے محرومی کے باعث ان کے خاندانوں کو شدید معاشی مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ ان کا مسئلہ حل کرکے انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔



