پشاور اسکول سانحہ، بچوں کی اجتماعی نمازِ جنازہ ادا،وزیراعظم کا نوٹس، مکمل رپورٹ طلب

پشاور (جانو ڈاٹ پی کے)پشاور کے علاقے دیر کالونی میں اسکول کی عمارت منہدم ہونے کے المناک حادثے میں جاں بحق ہونے والے معصوم بچوں کی اجتماعی نمازِ جنازہ رقت آمیز ماحول میں ادا کر دی گئی، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے مکمل رپورٹ طلب کر لی اور ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی ہدایت کر دی۔

اجتماعی نمازِ جنازہ کے موقع پر فضا سوگوار رہی اور جاں بحق بچوں کے اہلِ خانہ غم سے نڈھال دکھائی دیے۔ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، علاقہ معززین اور شہریوں کی بڑی تعداد نے نمازِ جنازہ میں شرکت کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ٹیلی فونک رابطہ بھی کیا اور متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کرتے ہوئے انہیں ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے وزیراعظم کو حادثے سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ غفلت کے ذمہ دار اسکول کے مالک کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات بھی شروع کر دی گئی ہیں۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ حادثے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے اور ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی یقینی بنائی جائے تاکہ ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔

مزید خبریں

Back to top button