ایران آپریشن طول پکڑا تو امریکی عسکری صلاحیت متاثر ہونے کا خدشہ، فوجی قیادت کا ہیگسیتھ کو انتباہ


واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی فوجی حکام نے ایران میں جاری امریکی آپریشن کو مزید طول دینے پر سیکرٹری وار پیٹ ہیگسیتھ کو خبردار کر دیا۔
امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق طویل فوجی آپریشنز کے باعث امریکی عسکری صلاحیت کمزور ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے، جس کے پیش نظر آرمی، نیوی اور ایئر فورس کے سربراہان نے ایران آپریشن کے حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یورپ، ایشیا اور لاطینی امریکا میں تعینات امریکی کمانڈرز نے بھی ایران میں جاری کارروائی کو طویل کرنے کے ممکنہ خطرات سے آگاہ کیا۔
ذرائع کے مطابق ایک خفیہ رپورٹ میں ایران آپریشن جاری رکھنے کی صورت میں امریکی فوج کو درپیش ممکنہ خطرات اور عسکری صلاحیت پر پڑنے والے اثرات کی نشاندہی کی گئی ہے۔