پاکستان اور ایران میں سکیورٹی تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق، محسن نقوی اور سکندر مومنی کی اہم ملاقات

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) ایران کے وزیرِ داخلہ سکندر مومنی نے اسلام آباد میں وزارتِ داخلہ کا دورہ کیا، جہاں وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے ان کا پرتپاک استقبال کیا، جبکہ فیڈرل کانسٹیبلری کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔
دورے کے دوران دونوں وزرائے داخلہ کے درمیان ملاقات ہوئی، جس کے بعد دونوں ممالک کے وفود کی سطح پر بھی مذاکرات ہوئے۔ فریقین نے پاک۔ایران دوطرفہ تعلقات، باہمی تجارت اور علاقائی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
ملاقات میں انسداد دہشت گردی، انسداد منشیات، غیر قانونی امیگریشن اور انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں ممالک نے افغان سرحد کے ذریعے دہشت گردی اور منشیات کی سمگلنگ کی روک تھام کے لیے مشترکہ حکمت عملی اور بہتر رابطہ کاری کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور ایرانی وزیر داخلہ سکندر مومنی کی امن کے لیے کوششوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ خطے میں جلد مثبت پیش رفت سامنے آئے گی۔
ایرانی وفد میں گورنر جنرل سیستان و بلوچستان، نائب وزیرِ داخلہ، نائب وزیر اربن ڈویلپمنٹ و ٹرانسپورٹ، نیشنل ایرانی آئل کمپنی کے سربراہ، وزیرِ زراعت کے خصوصی نمائندے سمیت دیگر اعلیٰ حکام شامل تھے۔
ملاقات میں وزیرِ مملکت داخلہ طلال چوہدری، وفاقی سیکرٹری داخلہ، چیئرمین نادرا، ڈی جی ایف آئی اے، ڈی جی اینٹی نارکوٹکس فورس، آئی جی فیڈرل کانسٹیبلری، ڈی جی این سی سی آئی اے، ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس، چیئرمین سی ڈی اے، آئی جی اسلام آباد پولیس اور وزارتِ داخلہ کے دیگر سینئر حکام بھی شریک ہوئے۔



