بلوچستان میں سکیورٹی فورسزکابڑاآپریشن،96گھنٹے میں71سے زائددہشتگردہلاک

کوئٹہ (جانو ڈاٹ پی کے)بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں تیز ہوگئیں، آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ96گھنٹوں کے دوران بلوچستان کے مختلف علاقوں میں 71 سے زائد دہشتگرد ہلاک کیے گئے ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق کوئٹہ کے علاقے شابان میں جاری کلیئرنس آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے متعدد ٹھکانے تباہ اور بڑی تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیا۔ شابان آپریشن میں ہلاک دہشتگردوں کی تعداد 33 تک پہنچ گئی ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران مختلف کارروائیوں میں 23 دہشتگرد ہلاک کیے گئے، جبکہ نوشکی اور مند میں بھی انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں کی گئیں۔ ان کارروائیوں میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے وسیع علاقوں کو کلیئر کرلیا ہے اور مقامی آبادی کو دہشتگردوں کے خطرے سے نجات دلانے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔پاک فوج کے مطابق دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں عزمِ استحکام کے وژن کے تحت بھرپور عزم سے جاری رہیں گی، جبکہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک میں غیرملکی معاونت یافتہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔



