آبنائے ہرمز اور باب المندب کو بلیک میلنگ کے لیے استعمال کرنا ناقابلِ قبول ہے، سعودی وزیر خارجہ

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز اور باب المندب کو بلیک میلنگ کے لیے استعمال کرنا ناقابلِ قبول ہے، جبکہ بین الاقوامی آبی گزرگاہوں میں جہاز رانی کی آزادی اور تحفظ کو یقینی بنانا مشترکہ ذمہ داری ہے۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فیصل بن فرحان نے کہا کہ سعودی عرب آبنائے ہرمز اور باب المندب میں آزادانہ اور محفوظ جہاز رانی کی حمایت کرتا ہے۔ سعودی عرب سمیت خطے کے دیگر ممالک ایرانی حملوں کا نشانہ بنے ہیں، تاہم آبی گزرگاہوں کو دباؤ یا بلیک میلنگ کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے تمام مؤثر اقدامات کی حمایت کرتے ہیں اور موجودہ صورتحال میں اقوام متحدہ کے چارٹر کی پاسداری ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ خلیجی سلامتی کا براہ راست تعلق توانائی کی فراہمی اور عالمی سپلائی چین کے تسلسل سے ہے، اس لیے بین الاقوامی آبی گزرگاہوں کو محفوظ رکھنا انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔

فیصل بن فرحان نے مزید کہا کہ مشرق وسطیٰ کو بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں سے پاک ہونا چاہیے۔ انہوں نے فلسطینی عوام کی جبری بے دخلی کی تمام کوششوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کو غیرمعمولی نوعیت کے چیلنجز کا سامنا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button