محسن نقوی کا سائبر جرائم کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کا حکم

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سائبر جرائم کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے اور شہریوں کی شکایات پر بروقت پیش رفت یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔

محسن نقوی نے لاہور میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) کے سینٹرل زون ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں ان کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سائبر کرائمز کے خلاف جاری آپریشنز اور تحقیقات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں آن لائن مالیاتی فراڈ، ہراسانی اور منظم سائبر کرائم نیٹ ورکس کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وفاقی وزیر داخلہ نے شکایات سیل، فرانزک لیب اور انویسٹی گیشن ونگ کا معائنہ بھی کیا اور شکایت درج ہونے سے تفتیش اور ملزمان کے خلاف کارروائی تک پورے نظام کا جائزہ لیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ سائبر کرائم کرنے والا شخص کہیں بھی موجود ہو، اسے قانون کی گرفت میں لانا ہوگا۔ انہوں نے زیر التوا مقدمات اور شکایات کا کیس ٹو کیس جائزہ لینے اور غیر ضروری تاخیر ختم کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ شہری کو شکایت درج کرانے کے بعد مہینوں انتظار نہیں کرنا چاہیے بلکہ ہر شکایت پر بروقت پیش رفت نظر آنی چاہیے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے ڈیجیٹل فرانزک کی استعداد بڑھانے، جدید فرانزک ٹولز کے استعمال اور تفتیشی افسران کی خصوصی تربیت کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے آن لائن مالیاتی فراڈ میں ملوث منظم گروہوں، جعلی اکاؤنٹس، ڈیجیٹل بلیک میلنگ اور آن لائن ہراسانی میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی ہدایت کی۔

محسن نقوی نے کہا کہ مالیاتی فراڈ کی شکایت موصول ہوتے ہی فوری رسپانس کا نظام مؤثر بنایا جائے تاکہ متعلقہ اداروں سے بروقت رابطے کے ذریعے متاثرہ شہری کی رقم محفوظ بنانے اور ملزمان تک پہنچنے کے امکانات بڑھائے جاسکیں۔

انہوں نے کہا کہ سائبر کرائم کے نئے طریقوں کا مقابلہ جدید ٹیکنالوجی اور تربیت یافتہ افرادی قوت کے ذریعے ہی کیا جاسکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ NCCIA کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے شہریوں کو ڈیجیٹل دنیا میں تحفظ فراہم کرنے والا مؤثر ادارہ بنانا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے خواتین اور بچوں کو آن لائن ہراسانی، بلیک میلنگ اور ڈیجیٹل استحصال سے متعلق شکایات کو خصوصی ترجیح دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے ڈیٹا، پرائیویسی اور مالی مفادات کا تحفظ NCCIA کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے سائبر کرائم سے بچاؤ کے لیے عوامی آگاہی مہم مؤثر بنانے اور شہریوں کو آن لائن فراڈ کے نئے طریقوں سے بروقت آگاہ کرنے کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس میں ڈی جی NCCIA نے وفاقی وزیر داخلہ کو سینٹرل زون کی کارکردگی، زیر تفتیش مقدمات، سائبر فراڈ کے رجحانات اور جاری کارروائیوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ ڈی جی ایف آئی اے، آئی جی اسلام آباد پولیس، ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور زون اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

مزید خبریں

Back to top button