حکومت اور احتجاج کرنے والے بات چیت جاری رکھیں، مسائل حل کرنے کی نیت ہو تو راستہ نکلتا ہے، خواجہ سعد رفیق

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے حکومت اور احتجاج کرنے والوں پر زور دیا ہے کہ وہ ایک دوسرے سے بات چیت کریں اور مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھیں، مسائل حل کرنے کی نیت ہو تو راستہ ضرور نکلتا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ حکومت اور احتجاج کرنے والے فریقین کو انا، ضد اور دھڑے بندی سے بالاتر ہوکر معاملات کو دیکھنا چاہیے۔ ان کے بقول موجودہ صورتحال میں کوئی فریق فاتح نہیں ہوگا بلکہ سب کا نقصان ہورہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہل ہمیشہ ریاست کی جانب سے ہونی چاہیے تاکہ جانی اور مالی نقصانات سے بچا جاسکے۔ خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ایک دوسرے کی عزت نفس مجروح کرنا کوئی قابل فخر عمل نہیں۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری، ناانصافی اور دہشت گردی سے متاثرہ پاکستان مشکلات کا شکار ہے اور اس کی آواز سننے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ عام آدمی شدید مشکلات سے دوچار ہے اور اسے سیاسی مباحثوں، الزامات اور باہمی کشمکش سے زیادہ اپنے بنیادی مسائل کے حل کی فکر ہے۔ ان کے مطابق عوام کے لیے حالات میں زندگی گزارنا مشکل ہوتا جارہا ہے۔
خواجہ سعد رفیق نے خبردار کیا کہ بروقت علاج نہ ہونے والے زخم ناسور بن جاتے ہیں اور پھر پوری قوم کو طویل عرصے تک اس کی قیمت ادا کرنا پڑتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی موجودہ صورتحال تاریخ کا حصہ بن رہی ہے، اسے نہ قید کیا جاسکتا ہے اور نہ روکا جاسکتا ہے۔ ان کے مطابق جو لوگ مسائل کے حل کے بجائے گہرے زخم چھوڑ کر جائیں، وہ ہمیشہ تاریخ کے کٹہرے میں کھڑے رہتے ہیں۔



