مری روڈ واقعے کی ویڈیو وائرل، ٹریفک پولیس نے مقدمہ درج کرلیا

راولپنڈی (جانو ڈاٹ پی کے) مری روڈ پر موٹر سائیکل اور شہری کو گاڑی سے گھسیٹنے کے واقعے پر ٹریفک پولیس نے تھانہ نیو ٹاؤن میں مقدمہ درج کرلیا، واقعے سے متعلق اہم تفصیلات بھی سامنے آگئیں۔
پولیس کے مطابق واقعہ جمعہ کی رات ساڑھے 11 بجے پیش آیا، جبکہ گاڑی کے شیشے پر موجود شخص موٹر سائیکل کا مالک نہیں تھا۔
راولپنڈی کی مری روڈ پر کھلی غنڈہ گردی! ایک لگژری گاڑی کا مالک دن دیہاڑے انسانی جان سے کھیلتا رہا۔ موٹر سائیکل سوار کو بونٹ پر بٹھا کر سڑک پر گھمایا گیا اور پھر موٹرسائیکل کو گاڑی کے آگے باندھ کر گھسیٹا گیا۔ کیا قانون صرف غریب کے لیے ہے؟ پولیس اور انتظامیہ کہاں سو رہی ہے؟ سیف سٹی… pic.twitter.com/yw9TUGeAyR
— ijaz cheema (@chemajournalist) September 28, 2026
پولیس کے مطابق کالی گاڑی کے ڈرائیور نے ایک سفید کار کو پیچھے سے ٹکر ماری، جس پر سفید کار کے مالک نے حادثہ کرنے والی گاڑی کو روکنے کی کوشش کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کالی گاڑی کے ڈرائیور نے رکنے کے بجائے کار مالک کو کچلنے کی کوشش کی، جس پر شہری نے جان بچانے کے لیے چھلانگ لگائی اور بانٹ پر چڑھ گیا۔
گاڑی نہ رکنے پر شہری نے جان بچانے کے لیے گاڑی کے شیشے کو پکڑ لیا، جبکہ کالی گاڑی کا ڈرائیور راستے میں آنے والی موٹر سائیکل کو بھی ساتھ گھسیٹتا ہوا لے گیا۔پولیس کے مطابق شہریوں نے گاڑی کا پیچھا کرکے اسے روک لیا اور شہری کی جان بچائی۔ ون فائیو کال موصول ہونے پر تھانہ صادق آباد پولیس کا موبائل افسر بھی موقع پر پہنچ گیا۔پولیس کے مطابق موبائل افسر نے تینوں فریقین کے درمیان صلح کرا دی تھی، تاہم سوشل میڈیا پر واقعے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ٹریفک پولیس نے تھانہ نیو ٹاؤن میں مقدمہ درج کرلیا۔پولیس نے تینوں فریقین کو تھانہ صادق آباد کے ڈیوٹی افسر کے ذریعے تھانہ نیو ٹاؤن طلب کرلیا ہے۔



