کھانا بنانے پر جھگڑا، مصر میں بیوی کے فرائنگ پین کے وار سے شوہر جاں بحق


اسکندریہ(ویب ڈیسک) مصر کے شہر اسکندریہ میں کھانا تیار کرنے کے معاملے پر میاں بیوی کے درمیان جھگڑا شدت اختیار کر گیا، مبینہ طور پر بیوی کے فرائنگ پین کے وار سے 65 سالہ شوہر جاں بحق ہوگیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں بتایا گیا ہے کہ کھانا بنانے کے معاملے پر بحث کے دوران خاتون نے غصے میں آکر شوہر کے سر پر فرائنگ پین سے وار کیا، جس سے وہ شدید زخمی ہوکر گر پڑا اور بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
اطلاع ملنے پر پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور خاتون کو حراست میں لے لیا۔ پولیس نے مبینہ طور پر قتل میں استعمال ہونے والا فرائنگ پین بھی تحویل میں لے لیا۔
متوفی کی لاش پوسٹ مارٹم کیلئے مردہ خانے منتقل کردی گئی ہے، جبکہ استغاثہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات شروع کردی ہیں اور موت کی اصل وجہ اور واقعے کی نوعیت جاننے کیلئے فرانزک معائنے کا حکم دیا ہے۔