مٹھی میں حیسکو ملازمین کی نجکاری کے خلاف احتجاجی ریلی

تھرپارکر(رپورٹ:میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) پورے پاکستان کی طرح سب ڈویژن حیسکو مٹھی میں بھی واپڈا کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کی مجوزہ نجکاری کے خلاف ہائیڈرو یونین کی جانب سے احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ریلی کی قیادت ہائیڈرو یونین کے سب ڈویژنل چیئرمین غلام رسول راہموں، جنرل سیکریٹری نرمل داس، وائس چیئرمین کانتیش کمار اور جوائنٹ سیکریٹری سوائی مل نے کی۔ ریلی میں سب ڈویژن کے تمام ملازمین نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے نجکاری کے خلاف شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سب ڈویژنل چیئرمین غلام رسول راہموں نے کہا کہ ڈسکوز کی مجوزہ نجکاری، آئی ایم ایف کی شرائط کے تحت ملازمین پر کی جانے والی کٹوتیوں اور پی پی او پالیسی کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حیسکو میں عملے کی کمی فوری طور پر پوری کی جائے، ملازمین کے قانونی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے، ملازمین کے بچوں کے لیے 20 فیصد کوٹہ بحال کیا جائے اور عارضی ملازمین کو مستقل کیا جائے۔ احتجاجی ریلی کے شرکاء نے "نجکاری نامنظور، نامنظور” کے زوردار نعرے لگاتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ واپڈا کی نجکاری کا فیصلہ فوری طور پر واپس لیا جائے اور ملازمین کے جائز مطالبات تسلیم کیے جائیں۔

مزید خبریں

Back to top button