ماتلی میں سود وصولی اور دھمکیوں کیخلاف سکندر میمن کی انصاف کی اپیل

ماتلی (رپورٹ اے۔ایم۔گدی) سود در سود وصولی، مبینہ دھمکیوں اور چار بلینک چیک واپس نہ کرنے کے معاملے پر تعلقہ ٹنڈو غلام حیدر کے گوٹھ عمر میمن کے رہائشی سکندر میمن نے اپنی والدہ اور دو کم سن بچوں کے ہمراہ ماتلی پریس کلب پہنچ کر انصاف اور تحفظ کی اپیل کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ ساڑھے چار لاکھ روپے کے بیج اور کھاد کے عوض وہ اب تک ساڑھے نو لاکھ روپے ادا کر چکے ہیں، اس کے باوجود ان کے چار خالی چیک واپس نہیں کیے جا رہے اور مزید چھ لاکھ روپے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ سکندر میمن اور اس کی والدہ نے صحافیوں کو بتایا کہ انہوں نے ماتلی کے ایک شخص سے بیج اور کھاد حاصل کرنے کے بعد اسے چار بلینک چیک دیے تھے، لیکن رقم کی ادائیگی کے باوجود مذکورہ شخص چیک واپس کرنے سے انکار کر رہا ہے اور مبینہ طور پر مزید رقم کا تقاضا کرتے ہوئے انہیں جھوٹے مقدمات میں پھنسا کر جیل بھجوانے کی دھمکیاں دے رہا ہے۔ ماں بیٹے کا کہنا تھا کہ اس صورت حال نے انہیں شدید ذہنی اذیت اور پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے اور وہ خود کو بے بس محسوس کر رہے ہیں۔ انہوں نے ایس پی بدین سے مطالبہ کیا کہ معاملے کی شفاف تحقیقات کروا کر انہیں مبینہ سود در سود وصولی اور دھمکیوں سے تحفظ فراہم کیا جائے اور ان کے چیک واپس دلانے کے لیے قانونی کارروائی کی جائے۔ سکندر میمن اور اس کی والدہ نے خبردار کیا کہ اگر انہیں تحفظ اور انصاف نہ ملا تو وہ مایوسی کے عالم میں اپنی جان لینے جیسے انتہائی اقدام پر مجبور ہو سکتے ہیں۔#



