کلوئی: مویشیوں کا تاجر دیہاتی ایک ماہ سے پراسرار طور پر لاپتا، ورثاء کو اغوا کا شبہ

تھرپارکر(رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے)تحصیل کلوئی کے گاؤں پھل کوہی کے رہائشی مویشیوں کے تاجر اسماعیل نہڑیو گزشتہ ایک ماہ سے پراسرار طور پر لاپتا ہیں، جس کے باعث ان کے اہل خانہ شدید پریشانی میں مبتلا ہیں، جبکہ ورثاء نے انہیں اغوا کیے جانے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
اسماعیل نہڑیو کے بیٹے محبوب نہڑیو کے مطابق، ان کے والد 24 جولائی 2026ء سے لاپتا ہیں اور تاحال ان کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔ انہوں نے بتایا کہ والد کی گمشدگی کے باعث گھر والوں میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے اور وہ ہر ممکن جگہ پر ان کی تلاش کر رہے ہیں۔
ورثاء کا کہنا ہے کہ ان کے بعض دیہاتیوں کے ساتھ پرانے تنازعات بھی چل رہے ہیں، جن کے دوران ماضی میں کئی خون بھی ہو چکے ہیں، جس کے باعث اسماعیل نہڑیو کی گمشدگی مزید پراسرار ہو گئی ہے۔
ورثاء نے الزام عائد کیا کہ گمشدگی کے بعد پولیس کی جانب سے ان کی مدد کے لیے خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے گئے۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اسماعیل نہڑیو کی گمشدگی میں بااثر افراد کا ہاتھ بھی ہو سکتا ہے، لہٰذا معاملے کی ہر پہلو سے تحقیقات کی جائیں۔
ورثاء نے پولیس، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری نوٹس لیتے ہوئے اسماعیل نہڑیو کی تلاش کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں، گمشدگی کی شفاف تحقیقات کرکے حقائق سامنے لائے جائیں اور اہل خانہ کی بے چینی ختم کی جائے۔



