آئل اور گیس کمپنیوں نے10سال میں2708ارب روپے کما لیے،او جی ڈی سی ایل سب سے آگے

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان کی آئل اور گیس کمپنیوں کے گزشتہ 10 سال کے منافع کی تفصیلات سامنے آگئیں، دستاویز کے مطابق اس عرصے کے دوران مختلف کمپنیوں نے مجموعی طور پر 2708 ارب 43 کروڑ روپے منافع کمایا، جس میں او جی ڈی سی ایل سب سے آگے رہی۔
دستاویز کے مطابق آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے 10 سال کے دوران 1250.2 ارب روپے منافع کمایا، جبکہ پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) کا منافع 620 ارب 30 کروڑ روپے رہا۔
گیس ہولڈنگ پرائیویٹ لمیٹڈ نے زیرِ جائزہ عرصے میں 377.1 ارب روپے منافع حاصل کیا، جبکہ پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) نے 218.7 ارب روپے کمائے۔
دستاویز کے مطابق سوئی ناردرن گیس کمپنی نے گزشتہ 10 سال میں 97.83 ارب روپے منافع کمایا، جبکہ سوئی سدرن گیس کمپنی کا منافع 86.1 ارب روپے رہا۔
اسی طرح پاکستان ایل این جی لمیٹڈ نے 10 سال کے دوران 58.2 ارب روپے منافع حاصل کیا۔
دستاویز میں شامل اعداد و شمار کے مطابق او جی ڈی سی ایل اور پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ منافع کمانے والی کمپنیوں میں نمایاں رہیں، تاہم ان منافعوں کے مقابلے میں صارفین کو فراہم کی جانے والی گیس اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں یا کمپنیوں کی کارکردگی سے متعلق کوئی تفصیلی موازنہ فراہم نہیں کیا گیا۔



