ریاض اور خمیس مشیط کی جانب بیلسٹک میزائل، اتحادی افواج نے تین میزائل مارگرانے کادعویٰ کردیا

ریاض (جانو ڈاٹ پی کے) سعودی سول ایوی ایشن کے مطابق ریاض کے کنگ خالد ایئرپورٹ پر دو حملوں کے نتیجے میں 3 سعودی شہری جاں بحق ہوگئے، جبکہ ایئرپورٹ پر کھڑا ایک طیارہ تباہ ہوگیا جس میں دو مسافر سوار تھے۔

اعلامیے کے مطابق پہلا حملہ ایئرپورٹ کی تنصیبات پر کیا گیا، جبکہ دوسرے حملے میں وہاں کھڑے ایک طیارے کو نشانہ بنایا گیا۔ سعودی ایئرلائن نے بھی حملے میں اپنے عملے کے ایک رکن کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

سعودی حکام کے مطابق حملوں کے بعد ایئرپورٹ پر پروازوں کا آپریشن بحال کردیا گیا ہے اور فضائی ٹریفک معمول کے مطابق جاری ہے۔

دوسری جانب حوثی باغیوں نے ایک بار پھر ریاض اور خمیس مشیط کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ اطلاعات کے مطابق ریاض کی جانب فائر کیے گئے بیلسٹک میزائل کو اتحادی افواج نے فضا میں ہی تباہ کردیا۔

میزائل کا ملبہ گرنے سے ایک اسکول اور میڈیکل کمپلیکس کو نقصان پہنچا، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ خمیس مشیط میں بھی اتحادی افواج نے دو بیلسٹک میزائل مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق دو روز قبل ریاض اور ابہا ایئرپورٹ پر ہونے والے حملوں میں بھی تین افراد جاں بحق اور ایک پاکستانی شہری سمیت 28 افراد زخمی ہوئے تھے۔ خطے میں حملوں کے مسلسل واقعات کے باعث فضائی سلامتی اور شہری تنصیبات کے تحفظ سے متعلق خدشات بڑھ گئے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button