کینیڈین وزیر اعظم کا شہباز شریف سے ٹیلفونک رابطہ، عارضی جنگ بندی کیلئے پاکستان کی کوششوں پر مبارکباد دی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وزیر اعظم شہباز شریف کو کینیڈا کے وزیر اعظم مارک کارنی نے ٹیلی فون کیا اور عارضی جنگ بندی کےلیے پاکستان کی کوششوں پر وزیراعظم شہباز شریف کو مبارکباد دی۔
اعلامیے کے مطابق کینیڈین وزیراعظم نے پاکستان کی میزبانی میں امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والے مذاکرات کو سراہا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ امریکا ایران مذاکرات امن کی جانب ایک اہم قدم ہیں، پاکستان جنگ بندی کو برقرار رکھنے ، کشیدگی میں کمی اور علاقائی امن و استحکام کےلیے بامعنی پیش رفت کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور کینیڈا کے دوطرفہ تعلقات پر بھی تبادلہ خیال کیا ، دونوں رہنماوں نے پاکستان میں کینیڈا کی سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہارکیا۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے کینیڈین وزیراعظم کو پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت کا اعادہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے قریبی روابط برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔



