ایران سے امن معاہدہ انتہائی مشکل، آبنائے ہرمز میں حملے بند ہونے تک اقتصادی دباؤ برقرار رہے گا، مارکو روبیو

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ امن معاہدہ طے کرنا انتہائی مشکل ہے، جبکہ واشنگٹن نے تہران پر واضح کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ بند ہونے تک ایران پر اقتصادی دباؤ برقرار رکھا جائے گا۔

امریکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے مارکو روبیو نے آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی سیکیورٹی پر تشویش کا اظہار کیا اور ایرانی قیادت پر زور دیا کہ وہ تجارتی جہازوں کے خلاف حملے بند کرے۔

امریکی وزیرِ خارجہ نے دعویٰ کیا کہ آبنائے ہرمز سے تیل بردار جہازوں کی آمدورفت جنگ سے پہلے کی سطح کے 80 فیصد سے تجاوز کر چکی ہے۔ تاہم ایران اس دعوے کی بارہا تردید کر چکا ہے۔

مارکو روبیو کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز میں تجارتی سرگرمیوں اور بحری آمدورفت کو محفوظ بنانا ضروری ہے۔ ان کے بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ واشنگٹن ایران کے ساتھ ممکنہ امن معاہدے کے حوالے سے مشکلات کے باوجود اقتصادی دباؤ کی پالیسی جاری رکھنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

آبنائے ہرمز عالمی توانائی کی ترسیل کے لیے ایک اہم آبی گزرگاہ ہے، جہاں کشیدگی کے باعث تیل کی عالمی سپلائی اور بحری تجارت پر اثرات کے خدشات برقرار ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button