ٹرمپ کی ایران جنگ جلد ختم ہونے کی پیشگوئی، جنگ بندی کے بعد تیل کی قیمتیں گرنے کا دعویٰ

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف جاری جنگ جلد ختم ہونے کی پیشگوئی کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ جنگ کے خاتمے کے بعد تیل کی قیمتوں میں تیزی سے کمی آئے گی۔ انہوں نے ایران کے خلاف مزید سخت کارروائیوں کا امکان بھی ظاہر کیا ہے۔
امریکی ریاست نارتھ کیرولائنا میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ بہت جلد ختم ہو جائے گی۔ ان کے بقول امریکا نے ایران کو جوہری بم بنانے سے روک دیا ہے۔
ٹرمپ نے کہا کہ جنگ کے باعث ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، تاہم ان کے خیال میں یہ اضافہ معمولی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکا میں پٹرول کی قیمتیں سابق صدر باراک اوباما کے دور کے مقابلے میں کم ہیں اور جنگ ختم ہوتے ہی عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں تیزی سے نیچے آ جائیں گی۔
امریکی صدر کا مزید کہنا تھا کہ ایران نومبر میں ہونے والے امریکی وسط مدتی انتخابات تک جنگ کو طول دینا چاہتا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران اب مشرق وسطیٰ اور عالمی سطح پر پہلے جیسی طاقت نہیں رکھتا اور دوسرے ممالک کو دھمکانے کی پوزیشن میں نہیں رہا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے خطاب میں خبردار کیا کہ ایران کے خلاف مزید سخت کارروائیاں بھی کی جا سکتی ہیں۔ ان کے بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب جنگ کے ممکنہ خاتمے اور اس کے عالمی توانائی کی منڈیوں پر اثرات سے متعلق غیر یقینی صورتحال برقرار ہے۔



