ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ سرمد علی بھاگت کااسپیشل ایجوکیشن اینڈ ریہیبلیٹیشن سینٹر مکلی کا دورہ

ٹھٹھہ(جاويد لطيف ميمن/جانوڈاٹ پی کے) ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ سرمد علی بھاگت نے اسپیشل ایجوکیشن اینڈ ریہیبلیٹیشن سینٹر مکلی کا دورہ کیا۔ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ سرمد علی بھاگت نے اسپیشل ایجوکیشن اینڈ ریہیبلیٹیشن سینٹر مکلی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے تدریسی عمل، خصوصی بچوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور مختلف شعبہ جات کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے کلاس رومز، فوڈ سینٹر، گیمنگ زون اور ہاتھ سے بنائے گئے اشیاء کے سیکشن کا معائنہ کیا۔اس کے علاوہ انہوں نے فری ڈینٹل چیک اپ کیمپ کا بھی جائزہ لیا اور وہاں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اس موقع پر انہوں نے بچوں کے ساتھ بیٹھ کر ان سے بات چیت کی، ان کی حوصلہ افزائی کی اور ان کی صلاحیتوں کو سراہا۔
ڈپٹی کمشنر نے ادارے کے عملے کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ خصوصی بچوں کی تعلیم و تربیت ایک اہم قومی ذمہ داری ہے اور یہ بچے معاشرے کا قیمتی سرمایہ ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ ضلعی انتظامیہ خصوصی بچوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے اور ان کی فلاح و بہبود میں کوئی کمی نہیں آنے دی جائے گی۔
مزید برآں انہوں نے ہدایت دی کہ بچوں کے لیے بہترین تعلیمی ماحول، جدید سہولیات اور مثبت سرگرمیوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بھرپور طریقے سے بروئے کار لا سکیں۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر صفدر علی شاہ، سینیئر ڈینٹل سرجن ڈاکٹر شیام کمار، سینٹر کے پرنسپل اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔



