شہید بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کا آٹھواں کانووکیشن 29 دسمبر کو ہوگا، تیاریاں شروع

لاڑکانہ(احسان جونیجو \جانو ڈاٹ پی کے) شہید محترمہ بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی لاڑکانہ کے آٹھویں کانووکیشن کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں، تقریب 29 دسمبر کو منعقد ہوگی، جس میں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی بطور مہمانِ خصوصی شرکت متوقع ہے۔

کانووکیشن کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے چیئرمین کانووکیشن پروفیسر الطاف احمد شیخ کی زیرصدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں آرگنائزنگ کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران تقریب کے انتظامی امور اور تیاریوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔

اجلاس میں بلاول بھٹو زرداری کی متوقع شرکت کے پیشِ نظر خصوصی انتظامات پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا تاکہ تقریب کو مؤثر اور منظم انداز میں منعقد کیا جاسکے۔

اس موقع پر سیکریٹری کانووکیشن پروفیسر علی حیدر بلوچ نے شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تقریب میں مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات کو تقریباً 450 انڈرگریجویٹ اور 35 پوسٹ گریجویٹ ڈگریاں تفویض کی جائیں گی۔

ڈگریاں حاصل کرنے والوں میں چانڈکا میڈیکل کالج لاڑکانہ، غلام محمد مہر میڈیکل کالج سکھر، بیبی آصفہ ڈینٹل کالج، بینظیر کالج آف نرسنگ، انسٹی ٹیوٹ آف فارمیسی اور انسٹی ٹیوٹ آف فزیوتھراپی کے فارغ التحصیل طلبہ و طالبات شامل ہوں گے۔

پروفیسر علی حیدر بلوچ نے مزید بتایا کہ مختلف تعلیمی شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے اور امتیازی پوزیشنیں حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں میڈلز بھی تقسیم کیے جائیں گے۔

کانووکیشن کے ذریعے فارغ التحصیل طلبہ کی تعلیمی کامیابیوں کو سراہنے کے ساتھ نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کی حوصلہ افزائی بھی کی جائے گی۔

مزید خبریں

Back to top button