قصور میں زہریلی کھیر کھانے سے تین سگے بھائی جاں بحق، والدین کی حالت تشویشناک

قصور(جانوڈاٹ پی کے) کنگن پور میں زہریلی کھیر کھانے سے تین سگے بھائی جاں بحق ہوگئے، جبکہ ان کے والدین کی حالت تشویشناک ہے۔
تفصیلات کے مطابق واقعے کا شکار پانچوں افراد کا تعلق قصور کے علاقے محمود خانیکے سے ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 28 سالہ آصف، 25 سالہ ناظم اور 15 سالہ امانت شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق ناظم علی گزشتہ روز ہسپتال میں دورانِ علاج دم توڑ گیا، جبکہ آصف اور امانت آج زندگی کی بازی ہار گئے۔ تینوں بھائیوں کی اموات سے خاندان پر غم کے پہاڑ ٹوٹ پڑے۔
واقعے میں گھر کے سربراہ قاسم علی اور ان کی اہلیہ حسنہ بی بی بھی زہریلی کھیر کھانے سے متاثر ہوئے، جنہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ حکام کے مطابق دونوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
واقعے میں تین افراد کی ہلاکت اور والدین کی تشویشناک حالت کے بعد علاقے میں تشویش پائی جاتی ہے۔ زہریلی کھیر سے متاثر ہونے کی وجوہات اور واقعے کے دیگر حقائق سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔



