گھوٹکی: تقریری مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی طالبہ ایمان زہرا کے لیے تعریفی سرٹیفکیٹ اور نقد انعام

گھوٹکی (رپورٹ وجے کمارچاولا\جانوڈاٹ پی کے)ڈپٹی کمشنر منظور احمد نے پانچویں سالانہ بین المدارس گرلز تقریری مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول میرپور ماتھیلو کی طالبہ ایمان زہرا کو تعریفی سرٹیفکیٹ اور نقد انعام دے کر ان کی حوصلہ افزائی کی۔
ڈہرکی میں منعقدہ تقریری مقابلے میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والی طالبہ کو ڈپٹی کمشنر نے اپنے دفتر میں مدعو کیا اور ان کی محنت، قابلیت اور بہترین کارکردگی کو سراہا۔
اس موقع پر ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کیتران، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سید اسرار احمد شاہ اور طالبہ کے والد عابد چنو بھی موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر منظور احمد نے کہا کہ سرکاری اسکول کی طالبہ کی جانب سے ضلعی سطح کے تقریری مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کرنا قابلِ تحسین کامیابی ہے۔ ایسی کامیابیاں نہ صرف طلبہ کی صلاحیتوں کا اعتراف ہوتی ہیں بلکہ دیگر طلبہ و طالبات کے لیے بھی حوصلہ افزائی اور آگے بڑھنے کی ترغیب کا باعث بنتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایمان زہرا کو تعریفی سرٹیفکیٹ اور نقد انعام دینے کا مقصد ان کی محنت اور قابلیت کو سراہنے کے ساتھ دیگر طالبات میں بھی تعلیم، تقریر اور غیر نصابی سرگرمیوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے کا جذبہ پیدا کرنا ہے۔
واضح رہے کہ ڈہرکی کے ٹیکنیکل کالج میں ماڑی انرجیز اور اینگرو فرٹیلائزرز کے مشترکہ تعاون سے پانچویں سالانہ بین المدارس گرلز تقریری مقابلے کا انعقاد کیا گیا تھا، جس میں ضلع بھر کے 25 سرکاری و نجی اسکولوں کی طالبات نے حصہ لیا۔ مقابلے میں گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول میرپور ماتھیلو کی طالبہ ایمان زہرا نے پہلی پوزیشن حاصل کرکے اپنے اسکول کے لیے اعزاز حاصل کیا۔



