اسحاق ڈار سے مکہ مشترکہ دفاعی اتحاد کے سیکریٹری جنرل کی ملاقات، علاقائی امن پر تبادلہ خیال

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے مکہ مشترکہ دفاعی اتحاد کے پہلے سیکریٹری جنرل لیفٹیننٹ جنرل (ر) نعمان محمود نے وزارتِ خارجہ میں ملاقات کی، جس میں علاقائی اور عالمی امن و استحکام کے لیے سفارتی کوششوں اور اتحاد کے کردار پر گفتگو کی گئی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے لیفٹیننٹ جنرل (ر) نعمان محمود کو مکہ مشترکہ دفاعی اتحاد کا سیکریٹری جنرل مقرر ہونے پر مبارک باد دی اور اہم ذمہ داریاں سنبھالنے پر ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
ملاقات کے دوران نائب وزیراعظم نے علاقائی اور عالمی سطح پر امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی جاری سفارتی کوششوں کو اجاگر کیا۔
اسحاق ڈار نے خطے میں پائیدار امن کے قیام اور استحکام کے فروغ میں مکہ مشترکہ دفاعی اتحاد کے اہم کردار پر زور دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اتحاد اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کرے گا۔
ملاقات کو علاقائی سلامتی، مشترکہ دفاعی تعاون اور امن کے فروغ کے لیے سفارتی روابط کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔



