ملتان میں چھٹی جماعت کی طالبہ سے مبینہ زیادتی، اسکول کا سکیورٹی گارڈ گرفتار

ملتان(جانوڈاٹ پی کے)گرلز ایلیمنٹری اسکول صدیق آباد کی چھٹی جماعت کی طالبہ سے مبینہ زیادتی کے الزام میں پولیس نے اسکول کے سکیورٹی گارڈ کو گرفتار کرلیا۔
پولیس رپورٹ کے مطابق ایف آئی آر میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اسکول کے سکیورٹی گارڈ نے طالبہ کو کینٹین میں زیادتی کا نشانہ بنایا اور واقعے کے بارے میں گھر والوں کو بتانے پر اہل خانہ کو قتل کرنے کی دھمکیاں دیں۔
پولیس کے مطابق متاثرہ طالبہ نے واقعے کے دو روز بعد اپنے اہل خانہ کو آگاہ کیا، جس پر ان کی درخواست پر ملزم منیر احمد کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے گرفتار کرلیا گیا۔
سی پی او ملتان اختر فاروق نے بتایا کہ متاثرہ بچی کا طبی معائنہ کرایا گیا ہے اور ابتدائی میڈیکل رپورٹ میں زیادتی کی تصدیق ہوئی ہے۔ ان کے مطابق واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور ملزم کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جا رہی ہے۔



