لارڈز کے پویلین میں پاکستانی ستارے، انضمام الحق کے پورٹریٹ نے سب کی توجہ کھینچ لی

لارڈز(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی انگلینڈ کے تاریخی لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں قومی ٹیم کے لیجنڈ بلے باز اور سابق کپتان انضمام الحق کے پورٹریٹ کے ساتھ تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔
View this post on Instagram
پاکستانی ٹیم نے لارڈز میں دوسرے ٹیسٹ کی تیاری کے لیے ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا جس کے دوران کپتان بابر اعظم سمیت دیگر کھلاڑیوں نے لارڈز کے پویلین میں موجود انضمام الحق کے پورٹریٹ کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔
لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں انضمام الحق کا پورٹریٹ ایک دہائی سے زائد عرصے سے موجود ہے۔ انضمام نے پاکستان کی جانب سے 120 ٹیسٹ، 378 ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا۔
لارڈز کرکٹ گراؤنڈ کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی تصویر میں انضمام الحق کے بھتیجے امام الحق، بابر اعظم سمیت پاکستان کے پانچ کرکٹرز کو لیجنڈ بلے باز کے پورٹریٹ کے ساتھ دیکھا جاسکتا ہے۔
انضمام الحق نے اپنے شاندار بین الاقوامی کیریئر کا اختتام پاکستان کی جانب سے جاوید میانداد اور سعید انور کے ساتھ ملک کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے بازوں میں شامل ہوکر کیا۔ انہیں 2019 میں میریلیبون کرکٹ کلب (ایم سی سی) کی جانب سے اعزازی تاحیات رکنیت بھی دی گئی تھی۔



