خیبرپختونخوا میں دہشت گردی اور کرپشن کے خاتمے کا عزم،فیصل کریم کنڈی نے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو اہم ہدایات جاری کردیں

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے میں دہشت گردی کا خاتمہ، ترقی و خوشحالی اور کرپشن کا سدباب حکومت کی اہم ترجیحات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی تبدیلی کے بعد حالات اور ترجیحات تبدیل ہو چکی ہیں، تاہم ضلعی انتظامیہ کو عوامی فلاح و بہبود کے لیے اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کرنا ہوں گی۔
گورنر خیبرپختونخوا نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے مؤثر نگرانی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے صوبے بھر میں تجاوزات کے خلاف کارروائیوں میں زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنانے کی ہدایت بھی کی۔
فیصل کریم کنڈی نے تمام اضلاع میں صفائی ستھرائی بہتر بنانے اور صوبے کو صاف ستھرا اور سرسبز بنانے کے لیے عملی اقدامات پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کلین اینڈ گرین خیبرپختونخوا کے وژن کو عملی شکل دی جائے۔
انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے اوپن ڈور پالیسی اپنائی جائے اور شہریوں کی شکایات سننے اور ان کے ازالے کے لیے باقاعدگی سے کھلی کچہریاں منعقد کی جائیں۔
گورنر نے کہا کہ انتظامیہ کی کارکردگی صرف کاغذی کارروائی تک محدود نہیں رہنی چاہیے بلکہ اس کے نتائج عوام کو عملی طور پر نظر آنے چاہئیں۔ انہوں نے سرکاری محکموں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری، شفافیت اور جواب دہی یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔
اجلاس میں آئندہ پولیو مہم کی کامیابی کے لیے مؤثر نگرانی اور ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی۔ فیصل کریم کنڈی نے بتایا کہ شہداء کے بچوں کے لیے پشاور میں کیڈٹ کالج قائم کیا جا رہا ہے۔
اجلاس کے دوران انتظامی امور میں بہتری اور اصلاحات کے لیے تجاویز بھی زیرِ بحث آئیں، جبکہ ڈویژنل سطح پر انتظامی نظام کو مؤثر بنانے کے حوالے سے کمشنرز نے اپنی تجاویز پیش کیں۔



