خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کی پارلیمنٹ سے توثیق، اپوزیشن کو شکست

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس نے خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کی توثیق کردی، وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کی جانب سے پیش کی گئی قراردادیں اپوزیشن کی مخالفت کے باوجود کثرتِ رائے سے منظور کرلی گئیں۔
خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ سے متعلق آئینی مراحل قومی اسمبلی اور سینیٹ کی الگ الگ منظوری کے بعد پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں بھی مکمل ہوگئے۔ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیر صدارت اجلاس میں صدارتی اقدام کی توثیق کے لیے قراردادیں پیش کی گئیں۔
وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے آئین کے آرٹیکل 232 کے تحت ایمرجنسی اور آرٹیکل 234 کے تحت گورنر راج کے نفاذ کی توثیق کے لیے قراردادیں ایوان میں پیش کیں، جن پر پانچ گھنٹے سے زائد بحث ہوئی۔بحث کے دوران اپوزیشن نے دونوں قراردادوں کی مخالفت کی، تاہم اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے انہیں منظوری کے لیے الگ الگ پیش کیا، جنہیں کثرتِ رائے سے منظور کرلیا گیا۔قراردادوں کی منظوری کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کردیا۔



