ایران کا نئے مذاکرات سے انکار، امریکا نے مفاہمتی یادداشت پر عمل نہیں کیا، اسماعیل بقائی

تہران(ویب ڈیسک) ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے واضح کیا ہے کہ اس وقت ایران کا کسی نئی بات چیت یا مذاکراتی عمل شروع کرنے کا کوئی ارادہ نہیں۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ایرانی وزیر خارجہ دوحہ میں سابق امیرِ قطر کے انتقال پر تعزیت کے لیے قطری حکام سے ملاقات کریں گے، تاہم اس دورے کا مقصد کسی نئے مذاکراتی عمل کا آغاز نہیں ہے۔
اسماعیل بقائی کا کہنا تھا کہ امریکا نے اپنے وعدوں پر عمل نہیں کیا اور مفاہمتی یادداشت کے تحت عائد اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام رہا، جس کے باعث معاہدے کی بنیاد ہی متاثر ہو گئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب دوسرے فریق نے اپنی ذمہ داریوں سے دستبرداری اختیار کر لی تو ایران کے لیے بھی سابقہ ذمہ داریوں پر عمل جاری رکھنا ممکن نہیں رہا۔
ایرانی ترجمان کے مطابق موجودہ صورتحال میں تہران کسی نئے مذاکرات کے بجائے پہلے سے طے شدہ وعدوں اور معاہدوں پر عمل درآمد کو بنیادی اہمیت دیتا ہے۔



