امریکی فوجی تنصیبات پر حملوں کی ویڈیو جاری، پاسدارانِ انقلاب کا دعویٰ

تہران(ویب ڈیسک) ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے خطے میں امریکی فوجی تنصیبات پر مبینہ حملوں کے ثبوت کے طور پر ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ بحرین میں قائم امریکی ففتھ فلیٹ کے ہیڈکوارٹر اور ایک امریکی فضائی اڈے کو میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا گیا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ نے بیان میں کہا کہ یہ کارروائی آبنائے ہرمز کے قریب ایرانی مفادات پر مبینہ امریکی حملوں کے جواب میں کی گئی۔

بیان کے مطابق گزشتہ رات آبنائے ہرمز کے قریب ایک ایرانی آئل ٹینکر کو نشانہ بنایا گیا جس سے جہاز کے انجن روم کو نقصان پہنچا، جس کے بعد ایرانی بحریہ نے ردعمل میں ایک دشمن بحری جہاز پر میزائل حملہ کیا۔

پاسدارانِ انقلاب کا دعویٰ ہے کہ امریکی فوج نے جزیرہ قشم کے جنوبی علاقے میں ایک ایرانی مواصلاتی ٹاور پر فضائی حملہ کیا، جس کے بعد ایرانی ایرو اسپیس فورس نے خطے میں موجود امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔

ایرانی حکام کے مطابق جوابی حملوں میں بحرین میں موجود امریکی ففتھ فلیٹ کے ہیڈکوارٹر اور ایک علاقائی فضائی و ہیلی کاپٹر اڈے کو میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے ہدف بنایا گیا۔

تاہم امریکی حکام کی جانب سے ان دعوؤں پر فوری باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، جبکہ آزاد ذرائع سے بھی ان حملوں کی مکمل تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button