ایران کی بحرین سمیت خلیجی ممالک کو دوٹوک دھمکی، حملے کیلئے اڈے دیے تو جواب ہوگا

تہران (جانو ڈاٹ پی کے)ایران نے بحرین سمیت خطے کے دیگر ممالک کو سخت خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنی سرزمین، فوجی اڈے یا فضائی حدود ایران کے خلاف کسی بھی حملے کے لیے استعمال نہ ہونے دیں، بصورت دیگر تہران کی جانب سے جواب دیا جائے گا۔
ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق یہ انتباہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی تیسری کمیٹی میں ایران کے مستقل مشن کے دوسرے سیکریٹری علی کریمی مقام نے دیا۔
علی کریمی مقام نے بحرین کے نمائندے کی جانب سے انسانی حقوق سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بحرین نے ان حالات اور واقعات کے پس منظر کو نظر انداز کیا جن کے نتیجے میں موجودہ صورتحال پیدا ہوئی۔
ایرانی سفارت کار نے بحرین کے اس مؤقف کو بھی مسترد کردیا کہ وہ موجودہ صورتحال میں متاثرہ فریق ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بحرین نے ایران کے خلاف مبینہ غیر قانونی امریکی جنگ کے لیے اپنی سرزمین، فوجی اڈے اور فضائی حدود فراہم کیں۔
انہوں نے کہا کہ جو ملک اپنے ہمسایہ ملک کے خلاف کسی غیر قانونی جنگ کے لیے اپنی سرزمین اور دیگر سہولیات فراہم کرے، اسے بعد میں اس کے ممکنہ نتائج پر حیرت کا اظہار نہیں کرنا چاہیے۔
علی کریمی مقام نے واضح کیا کہ ایران ایک مرتبہ پھر خطے کے ممالک کو خبردار کررہا ہے کہ ان کی سرزمین یا فضائی حدود کو ایران کے خلاف حملوں کے لیے استعمال نہ ہونے دیا جائے۔ ان کے مطابق اگر ایسے حملوں کی اجازت دوبارہ دی گئی تو ایران اس کا جواب دے گا۔ایران کی جانب سے یہ سخت بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے باعث خلیجی ممالک کی سلامتی اور ان کے فوجی اڈوں کے ممکنہ استعمال سے متعلق خدشات میں اضافہ ہوا ہے۔



