روس نے ایران کو ایک ارب ڈالر قرض دینے کی تیاریاں مکمل کرلیں،رقم منتقلی کیلئے تیار

تہران (جانو ڈاٹ پی کے)ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ روس نے ایران کو ایک ارب ڈالر کا قرض فراہم کرنے کی تیاریاں حتمی مراحل تک پہنچا دی ہیں اور ادائیگی کا عمل مکمل ہونے کے بعد رقم ایران کو منتقل کی جا سکے گی۔ایران کی نیم سرکاری فارس نیوز ایجنسی کے مطابق قرض کی منتقلی کے لیے ضروری کارروائی مکمل کرلی گئی ہے، تاہم رقم کی منتقلی کے لیے ایران کی جانب سے متعلقہ بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات فراہم کرنا باقی ہے۔فارس کے مطابق اس قرض کی پہلی بار رواں سال جون میں اطلاع سامنے آئی تھی، جسے ایران کے لیے روس کی جانب سے 20 ارب ڈالر کے قرض کی پہلی قسط قرار دیا گیا تھا۔دوسری جانب ایرانی حکومتی اداروں کے درمیان ایک ارب ڈالر کی رقم کے استعمال پر اختلاف رائے سامنے آیا ہے۔ پلاننگ اینڈ بجٹ آرگنائزیشن گاڑیوں کی درآمد کے لیے فنڈز استعمال کرنا چاہتی ہے، جبکہ وزارتِ تیل تیل کی صنعت کے لیے ضروری آلات کی خریداری اور وزارتِ زراعت زرعی ضروریات کی درآمد کے لیے رقم مختص کرنے کی خواہاں ہے۔ایرانی میڈیا کے مطابق حکومت نے تاحال فنڈز کے استعمال کے حوالے سے حتمی فیصلہ نہیں کیا، جس کے باعث رقم کی منتقلی کے لیے درکار بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات بھی ابھی فراہم نہیں کی گئیں۔

مزید خبریں

Back to top button