دبئی جانے والی خاتون ایئرپورٹ پر روک لی گئی، انسانی اسمگلنگ اور جنسی استحصال کا شبہ

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے) ایف آئی اے امیگریشن کراچی نے کارروائی کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات جانے والی ایک خاتون مسافر کو انسانی اسمگلنگ اور جنسی استحصال کے شبہے میں آف لوڈ کردیا۔
ایف آئی اے ترجمان کے مطابق خاتون ایمان پاکستانی پاسپورٹ اور متحدہ عرب امارات کے ویزے پر سفر کر رہی تھی، تاہم امیگریشن کلیئرنس کے دوران اس کے سفری مقصد اور دیگر معاملات پر شکوک پیدا ہوئے، جس کے بعد اسے مزید تفتیش کیلئے روک لیا گیا۔
ترجمان کے مطابق تفصیلی انٹرویو کے دوران خاتون کے بیان سے مبینہ طور پر اس کے سفر کا تعلق جنسی استحصال سے سامنے آیا۔
ایف آئی اے حکام کو خاتون نے بتایا کہ اس سے قبل بھی دبئی میں مقیم حیدر نامی شخص نے اسے متحدہ عرب امارات بھیجا تھا، جہاں اس کیلئے رہائش اور ایک کلب میں ڈانسر کی ملازمت کا انتظام کیا گیا تھا۔ خاتون کے مطابق مذکورہ شخص اس کی آمدن کا 50 فیصد وصول کرتا تھا جبکہ موجودہ سفر کے انتظامات بھی اسی شخص نے کیے تھے۔
ایف آئی اے کے مطابق خاتون کے موبائل فون سے حاصل ہونے والی معلومات میں مبینہ ایجنٹ کی جانب سے ایئرپورٹ پر اس کی نگرانی اور رہنمائی کیلئے دیگر افراد کو متحرک کیے جانے کے شواہد ملے، تاہم خاتون کی نشاندہی کے باوجود متعلقہ افراد موقع پر موجود نہیں تھے۔
خاتون نے حکام کو مزید بتایا کہ مذکورہ شخص اسے دبئی جانے اور مبینہ جسم فروشی پر مجبور کرنے کیلئے دھمکیاں دے رہا تھا۔ خاتون کے بقول انکار کرنے کی صورت میں اسے اور اس کی والدہ کو نقصان پہنچانے کی دھمکیاں بھی دی گئیں۔
ایف آئی اے حکام نے خاتون کو آف لوڈ کرکے معاملے کی مزید تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ مبینہ ایجنٹ اور دیگر ممکنہ سہولت کاروں سے متعلق شواہد کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔



