اسحاق ڈار سے برطانوی وزیر مملکت کی اہم ملاقات،دوطرفہ تعاون بڑھانے پراتفاق

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے برطانوی وزیر مملکت اسٹیفن ڈاؤٹی نے اسلام آباد میں اہم ملاقات کی، جس میں پاکستان اور برطانیہ کے باہمی تعلقات سمیت علاقائی و عالمی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا، جبکہ تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم اور سیکیورٹی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ملاقات کے دوران خطے اور دنیا میں تیزی سے بدلتی صورتحال بھی زیرِ بحث آئی، دونوں جانب سے موجودہ علاقائی حالات پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔اسحاق ڈار نے اس موقع پر کہا کہ علاقائی اور عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مسلسل مذاکرات اور مؤثر سفارت کاری ناگزیر ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور برطانیہ نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ سیاسی مکالمہ جلد فعال کرنے کے لیے عملی اقدامات کرنے پر بھی اتفاق کیا۔



