عالمی امن کیلئے بڑا مطالبہ، یوسف رضا گیلانی نے مکالمے اور تعاون کو ناگزیر قراردیدیا

 تنزانیہ (جانو ڈاٹ پی کے) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے عالمی امن اور استحکام کے لیے مکالمے، باہمی تعاون اور تنازعات کے پرامن حل کو ناگزیر قرار دے دیا۔

تنزانیہ میں بین الپارلیمانی یونین (آئی پی یو) کی 153ویں اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پائیدار ترقی اور انسانی بااختیاری کا عالمی امن و استحکام کے ساتھ گہرا تعلق ہے، اس لیے عالمی تعلقات کی بنیاد شمولیت، اعتماد، امن اور مساوی مواقع پر استوار کرنا ہوگی۔

چیئرمین سینیٹ نے جامع طرز حکمرانی اور عالمی تعاون کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان تنازعات کے پرامن حل، بامعنی مکالمے اور کشیدگی میں کمی کی پالیسی پر یقین رکھتا ہے۔

انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ بین الاقوامی مسائل اور تنازعات کے حل کے لیے بات چیت اور باہمی تعاون کے راستے کو مزید فروغ دیا جائے، تاکہ عالمی سطح پر پائیدار امن اور استحکام کو یقینی بنایا جاسکے۔

یوسف رضا گیلانی نے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت دیا جانا چاہیے۔

مزید خبریں

Back to top button