بدین:جعلی ریونیو دستاویزات کی تیاری اور زمینوں پر قبضے کی کوشش،محکمہ ریونیو کا کلرک اور بھائی گرفتار

بدین(رپورٹ مرتضیٰ میمن/ جانو ڈاٹ/ پی کے) بدین میں زمینوں اور سرکاری و نجی پلاٹوں کے مبینہ فراڈ، جعلی ریونیو دستاویزات کی تیاری اور قبضے کی کوشش کے مقدمے میں پولیس نے محکمہ ریونیو کے کلرک اور اس کے بھائی کو گرفتار کرلیا گرفتار ملزمان کی شناخت نور احمد میمن، جو بیرج مختیارکار بدین کے دفتر میں کلرک ہے، اور اس کے بھائی وسیع اللہ میمن کے نام سے ہوئی ہےمحکمہ ریونیو کے ذرائع کے مطابق دونوں بھائیوں پر مبینہ طور پر جعلی ٹرانسفر آرڈرز (ٹی اوز) تیار کرنے، سرکاری ریکارڈ میں ردوبدل کرنے اور وسیع اللہ میمن کے نام پر زمینوں کی جعلی ملکیتی اندراجات کرانے کے الزامات ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بعض مبینہ جعلی دستاویزات پر ریونیو افسران کے جعلی دستخط بھی استعمال کیے گئے ذرائع کے مطابق مبینہ جعلسازی میں محکمہ ریونیو کے بعض اہلکاروں، جن میں تپیدار اور مختیارکار بھی شامل ہیں، کی مبینہ ملی بھگت کی تحقیقات پہلے سے جاری ہیں ذرائع نے بتایا کہ ایک معاملہ فوج کے ایک ریٹائرڈ کیپٹن، جو اب انتقال کرچکے ہیں، کی 102 ایکڑ زرعی زمین سے بھی متعلق ہے۔ الزام ہے کہ مذکورہ زمین کا ریکارڈ مبینہ طور پر جعلی طریقے سے تبدیل کرکے ملکیتی اندراج کرایا گیا اور بعد ازاں زمین پر قبضہ کرنے کی کوشش کی گئی۔ اس مبینہ کوشش کے خلاف بدین تھانے میں مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے ذرائع کے مطابق معاملے کی تحقیقات کے لیے کمشنر حیدرآباد کی جانب سے بھی انکوائری کا حکم دیا گیا ہے پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے جبکہ ان کے خلاف قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ پولیس مزید تحقیقات کے ذریعے یہ معلوم کرنے کی کوشش کر رہی ہے کہ مبینہ طور پر زمینوں کے ریکارڈ میں ردوبدل اور قبضوں کے معاملے میں مزید کون کون افراد ملوث ہیں۔



