اوور بلنگ اور لوڈشیڈنگ پر پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ، لٹکتی تاریں ’’موت کا سامان‘‘ قرار

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان کی زیر صدارت بجلی کی اوور بلنگ، لٹکتی تاروں اور لوڈشیڈنگ کے معاملے پر اجلاس ہوا، جس میں ارکان اسمبلی نے بجلی کے مسائل پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے فوری اقدامات کا مطالبہ کردیا۔

اجلاس کے دوران ارکان کمیٹی نے لٹکتی بجلی کی تاروں کو ’’موت کا سامان‘‘ قرار دیتے ہوئے ان کے فوری تدارک پر زور دیا۔ ارکان نے بجلی چوری کے نقصانات کا بوجھ باقاعدگی سے بل ادا کرنے والے صارفین پر ڈالنے پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔

رکن پنجاب اسمبلی ملک احمد سعید خان نے کہا کہ بجلی چوری کرنے والوں کے بجائے بل ادا کرنے والے صارفین کو سزا دینا ناقابل قبول ہے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے اوور بلنگ کے مسائل کے حل میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اوور بلنگ درست کرواتے کرواتے صارفین کو مہینوں لگ جاتے ہیں اور شکایت کے ازالے کے لیے انہیں تین مختلف دفاتر کے چکر لگانا پڑتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایسا نظام ہونا چاہیے جہاں صارف کو اپنی شکایت کے حل کے لیے ایک ہی جگہ رجوع کرنا پڑے۔ ملک احمد خان نے سوال اٹھایا کہ پورے گاؤں کی بجلی چند بجلی چوروں کی وجہ سے بند کرنا کہاں کا انصاف ہے؟دوسری جانب لیسکو چیف نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ زیرو نقصان والے فیڈرز پر زیرو لوڈشیڈنگ کی جاتی ہے، جبکہ زیادہ نقصان والے فیڈرز پر لوڈشیڈنگ کا سامنا ہوتا ہے۔لیسکو چیف کے مطابق بجلی چوری کے باعث ہونے والے نقصانات پورے کرنے کے لیے متاثرہ فیڈرز پر لوڈشیڈنگ کی جاتی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button