ملک میں موسم نے کروٹ بدل لی، آندھی،بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی،بجلی گرنے کاخدشہ

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کردی، جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری اور بجلی گرنے کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج رات خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد اور بالائی پنجاب میں بارش متوقع ہے، جبکہ بعض علاقوں میں تیز بارش اور ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔
پنجاب کے مختلف علاقوں مری، گلیات، راولپنڈی، جہلم، اٹک، چکوال، گجرات، لاہور، شیخوپورہ، نارووال، سیالکوٹ، گوجرانوالہ اور حافظ آباد میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
خیبرپختونخوا کے چترال، دیر، سوات، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، باجوڑ، صوابی اور نوشہرہ میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہواؤں اور آندھی کے باعث کچے مکانات، دیواروں، بجلی کے کھمبوں، بل بورڈز، گاڑیوں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے، جبکہ گرج چمک کے دوران بعض مقامات پر بجلی گرنے کا خطرہ بھی موجود ہے۔
دوسری جانب سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ کراچی میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پشاور سٹی میں سب سے زیادہ 38 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اٹک میں 31، چراٹ میں 17 جبکہ مالم جبہ اور تخت بھائی میں 10، 10 ملی میٹر بارش ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ، لاہور میں 37، فیصل آباد اور ملتان میں 36 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔تربت 44 ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ ملک کا گرم ترین مقام رہا۔



