بانی پی ٹی آئی کی بہنوں سے ملاقات کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع، وکلا اور اہلخانہ تک رسائی کا مطالبہ

 لاہور (جانو ڈاٹ پی کے)جیل میں قید بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں سے ملاقات اور انہیں ضروری اشیا کی فراہمی کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔

درخواست ڈاکٹر عظمیٰ خان کے شوہر احد خان کی جانب سے دائر کی گئی ہے، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ڈاکٹر عظمیٰ خان، علیمہ خان اور نورین نیازی کو نظر بند کیا گیا ہے اور تینوں بہنوں سے اہلخانہ اور وکلا کو ملاقات کی اجازت نہیں دی جارہی۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ تینوں خواتین کو معمول کی ادویات اور دیگر ضروری اشیا فراہم کرنے کی بھی اجازت نہیں دی جارہی، جبکہ متعلقہ اتھارٹیز کو ملاقات کے لیے درخواستیں بھی دی جاچکی ہیں۔

درخواست گزار کے مطابق گھریلو خواتین کو اس طرح سخت حراست میں رکھنا غیر قانونی ہے۔ درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ ڈاکٹر عظمیٰ خان اور ان کی بہنوں تک وکلا اور اہلخانہ کی رسائی یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے جائیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی لاہور ہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کی نظر بندی اور ضروری اشیا کی فراہمی سے متعلق درخواستیں زیر سماعت رہ چکی ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button