شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسزکابڑا آپریشن،5خوارج ہلاک،2زخمی،صدراور وزیراعظم کا خراجِ تحسین

شمالی وزیرستان (جانو ڈاٹ پی کے)شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کرتے ہوئے 5 خوارج کو ہلاک جبکہ 2 کو زخمی کر دیا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا میں عزمِ استحکام وژن کے تحت فتنہ الخوارج کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری ہیں۔ شمالی وزیرستان اور گردونواح میں خوارج کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 5 خوارج ہلاک اور 2 زخمی ہوئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز خوارج کی نقل و حرکت پر مسلسل نظر رکھے ہوئے تھیں اور انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائی کی گئی۔ فورسز دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور علاقے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے سرگرم ہیں۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے آپریشن میں کامیابی پر سیکیورٹی فورسز کی بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بروقت اور مؤثر کارروائیاں دہشت گرد عناصر کے مذموم عزائم ناکام بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیاں دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جاری رہیں گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ فورسز نے بروقت اور فیصلہ کن کارروائی کرکے دہشت گردوں کے عزائم ناکام بنائے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ عزمِ استحکام وژن کے تحت دہشت گردی کا مکمل خاتمہ اور ملک میں پائیدار امن کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے۔



