ایس سی او کانفرنس سے پہلے اسلام آباد بدلنے کا فیصلہ، محسن نقوی نے بڑے منصوبوں کا اعلان کردیا

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر ایس سی او کانفرنس سے قبل اسلام آباد کو جدید، خوبصورت اور مثالی دارالحکومت بنانے کے لیے ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق اسلام آباد میں کشمیر چوک انڈرپاس کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کی کانفرنس میں ایک سال سے بھی کم وقت باقی ہے، اس لیے تمام اہم منصوبوں کو دن رات کام کرکے مقررہ مدت میں مکمل کیا جا رہا ہے۔
وزیر داخلہ کے مطابق وزیراعظم نے خصوصی ٹاسک دیا ہے کہ کشمیر چوک انڈرپاس سمیت اہم ٹریفک اور انفراسٹرکچر منصوبے ایس سی او کانفرنس سے پہلے ہر صورت مکمل کیے جائیں۔ ان منصوبوں کا مقصد غیر ملکی مہمانوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ پاکستان کا مثبت تشخص دنیا کے سامنے اجاگر کرنا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کشمیر چوک انڈرپاس اور ایکسپریس وے کی سروس لینز مکمل ہونے کے بعد اسلام آباد اور راولپنڈی کے درمیان آمدورفت میں نمایاں بہتری آئے گی، جبکہ دونوں شہروں کے درمیان سفر کا دورانیہ کم ہوکر تقریباً 16 سے 18 منٹ رہ جائے گا۔
محسن نقوی نے اسلام آباد کو سیاحتی اور تفریحی اعتبار سے بھی جدید خطوط پر استوار کرنے کے منصوبوں کا ذکر کیا۔ ان کے مطابق ایف نائن پارک کو لندن کے ہائیڈ پارک کی طرز پر بین الاقوامی معیار کے جدید تفریحی مرکز میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔
وزیر داخلہ نے مزید بتایا کہ اسلام آباد میں ایشیا کا سب سے بڑا سفاری پارک قائم کرنے کی منصوبہ بندی بھی کی گئی ہے، جو شہر میں تفریح اور ماحولیاتی سرگرمیوں کے فروغ کے حوالے سے اہم منصوبہ ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کو صاف اور ماحول دوست شہر بنانے کے لیے حکومتی پالیسی پر بھی سختی سے عملدرآمد جاری ہے اور 31 دسمبر تک وفاقی دارالحکومت کو مکمل طور پر ’پلاسٹک فری سٹی‘ بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں جاری ترقیاتی سرگرمیوں کا مقصد صرف ایس سی او کانفرنس کی تیاری نہیں بلکہ دارالحکومت کو طویل المدتی بنیادوں پر ایک جدید، خوبصورت اور عالمی معیار کے شہر میں تبدیل کرنا ہے۔



