عمران خان سے ملاقات نہ ہوئی تو وزیراعظم سے بھی ملنے سے انکار؟ اپوزیشن کا بڑا فیصلہ

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)وزیراعظم کی مذاکرات کی پیشکش، محمود اچکزئی نے اپوزیشن کو مثبت جواب دینے کی ہدایت کردی۔وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے ایک بار پھر اپوزیشن کو احتجاج ختم کرکے مذاکرات کی دعوت دیے جانے پر محمود خان اچکزئی نے اپوزیشن رہنماؤں کو حکومت کے رابطے کا مثبت جواب دینے کی ہدایت کردی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے آج اپوزیشن کو احتجاج اور دھرنے ختم کرنے اور مذاکرات کی دعوت دی، جس کے بعد اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ترجمان اخونزادہ حسین یوسفزئی کے ذریعے اپوزیشن رہنماؤں کو پیغام بھجوایا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ محمود خان اچکزئی نے ہدایت کی ہے کہ اگر حکومت رابطہ کرے تو مثبت جواب دیا جائے، تاہم مذاکرات کے حوالے سے اپوزیشن کی جانب سے شرائط بھی سامنے رکھی گئی ہیں۔
محمود خان اچکزئی کے مطابق حکومت کے رابطے پر پہلی شرط بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات ہونی چاہیے، جبکہ ان کی بہنوں کی رہائی کو بھی حکومت کی جانب سے مثبت پیشرفت کا آغاز قرار دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق محمود خان اچکزئی نے واضح کیا کہ اگر عمران خان سے ملاقات نہیں ہوتی تو وزیراعظم سے ملاقات بے معنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ ہونے کی صورت میں وزیراعظم سے ملاقات سے انکار پر بھی غور کیا جاسکتا ہے۔



