گورنمنٹ گرلز پبلک ہائی اسکول مکلی میں جشن آزادی کی پروقار تقریب

ٹھٹھہ (جاوید لطیف میمن\جانوڈاٹ پی کے) 14 اگست کی آمد کے ساتھ ملک بھر کی طرح ضلع ٹھٹھہ میں بھی جشن آزادی کی تقریبات کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ اسی سلسلے میں ضلع ہیڈکوارٹر مکلی کے تاریخی گورنمنٹ گرلز پبلک ہائی اسکول مکلی میں جشن آزادی کے حوالے سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب میں اسکول کے طلبہ و طالبات نے ملی نغموں اور جشن آزادی کے موضوع پر مختلف ٹیبلوز پیش کیے، جبکہ پاکستان زندہ باد اور پاک افواج زندہ باد کے نعروں سے فضا گونجتی رہی۔ طلبہ و طالبات نے قومی پرچم لہرا کر وطن سے اپنی محبت اور والہانہ عقیدت کا اظہار بھی کیا۔

تقریب میں بطور مہمان خصوصی ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر میڈم زینب شاہین نے شرکت کی، جبکہ میزبانی کے فرائض اسکول کے پرنسپل عبدالقادر پالاری نے انجام دیے۔ اس موقع پر اساتذہ، طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر زینب شاہین نے کہا کہ پاکستان 1947 میں بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت اور وژن کے تحت معرض وجود میں آیا۔ انہوں نے کہا کہ علامہ محمد اقبال نے جس آزاد وطن کا خواب دیکھا تھا، قائداعظم کی ولولہ انگیز قیادت میں مسلمانانِ برصغیر نے اپنی جدوجہد کے ذریعے اسے حقیقت میں تبدیل کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلمانوں کے لیے ایک عظیم نعمت ہے اور آج ہم اس آزاد وطن میں آزادی کے ساتھ زندگی بسر کر رہے ہیں۔ طلبہ و طالبات سے مخاطب ہوتے ہوئے زینب شاہین نے کہا کہ آپ پاکستان کا مستقبل ہیں اور ملک کی ترقی و خوشحالی میں آپ کا کردار انتہائی اہم ہوگا۔

انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنی تعلیم پر بھرپور توجہ دیں، محنت، نظم و ضبط اور حب الوطنی کو اپنا شعار بنائیں تاکہ پاکستان کو مزید مضبوط اور ترقی یافتہ ملک بنایا جاسکے۔

تقریب کے اختتام پر طلبہ و طالبات نے قومی پرچم لہراتے ہوئے پاکستان سے اپنی محبت کا اظہار کیا اور ملکی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

مزید خبریں

Back to top button