کراچی کے عوام پیپلز پارٹی سے نفرت کرتے تو میئر جیالا نہ ہوتا،شرجیل میمن کا حافظ نعیم کو جواب

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے)سندھ کے سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کے عوام اگر پیپلز پارٹی سے نفرت کرتے تو شہر کا میئر جیالا نہ ہوتا، غریبوں کی امداد کو بھیک قرار دینا غریب دشمن سوچ کا مظہر ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ غریب خواتین اور ضرورت مند خاندانوں کی مدد کو تنقید کا نشانہ بنانا افسوسناک ہے۔ غریب افراد کو دو وقت کی روٹی کے لیے سہارا دینے پر سیاست کرنا بے حسی ہے۔
انہوں نے حافظ نعیم الرحمن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے لیے غریبوں کے حقِ امداد کو متنازع نہ بنایا جائے۔ ان کے بقول، غریبوں کی مدد پر طعنے دینے سے غربت ختم نہیں ہوتی بلکہ اس کے خاتمے کے لیے عملی اور انقلابی اقدامات کرنا پڑتے ہیں۔
سینئر صوبائی وزیر نے جماعت اسلامی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ غریبوں کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے بجائے عوام کی خدمت کے لیے اپنے اقدامات اور کارکردگی سامنے لائی جائے۔



