آئی ایم ایف مذاکرات میں بڑا دعویٰ،پاکستان نے3ہزار53ارب کا ٹیکس ہدف پورا کرنے کی یقین دہانی کرا دی

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان چوتھے اقتصادی جائزے کے مذاکرات میں حکومت نے پہلی سہ ماہی کا ٹیکس ہدف حاصل کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔
مذاکرات کے دوران ایف بی آر حکام نے آئی ایم ایف کو بتایا کہ جولائی سے ستمبر 2026 کی پہلی سہ ماہی کے لیے مقرر کردہ 3 ہزار 53 ارب روپے کا مجموعی ٹیکس وصولی ہدف حاصل کرلیا جائے گا، جبکہ ستمبر کے لیے مقرر 1 ہزار 330 ارب روپے کی وصولی کا ہدف بھی پورا کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔
ذرائع کے مطابق ایف بی آر حکام نے مؤقف اختیار کیا کہ ٹیکس وصولیوں میں اضافے کے لیے اقدامات جاری ہیں اور پہلی سہ ماہی کے مقررہ اہداف کے حصول کو یقینی بنایا جائے گا۔
دوسری جانب ٹیکس ایئر 2026 کے لیے اب تک تقریباً 47 لاکھ انکم ٹیکس ریٹرنز موصول ہوچکے ہیں، جبکہ گزشتہ سال اسی مدت میں تقریباً 32 لاکھ ریٹرنز جمع ہوئے تھے۔
نئے قانونی فریم ورک کے تحت گریڈ 17 سے 22 تک کے وفاقی سرکاری افسران کو 30 اکتوبر 2026 تک اپنے اثاثوں کے گوشوارے الیکٹرانک طور پر جمع کرانا ہوں گے، جبکہ اثاثوں سے متعلق محدود معلومات 31 دسمبر 2026 تک عوام کے لیے جاری کیے جانے کا امکان ہے۔



