پاکستان وسطی ایشیا کو بحیرہ عرب سے ملانے کا خواہاں، احسن اقبال

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے 25ویں وسطی ایشیا علاقائی اقتصادی تعاون (CAREC) کانفرنس میں شرکت اور خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان وسطی ایشیا کو بحیرہ عرب سے جوڑنے کے لیے علاقائی اقتصادی راہداریوں کو مزید فعال بنانے کا خواہاں ہے۔
وفاقی وزیر نے کئیریک کیپیٹل مارکیٹس ڈویلپمنٹ فورم اور آسیان کیپیٹل مارکیٹس فورم کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے۔ اعلامیے کے مطابق اس معاہدے کا مقصد کئیریک اور آسیان ممالک کے درمیان کیپیٹل مارکیٹس کے شعبے میں تعاون اور روابط کو فروغ دینا ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان 2027 میں وسطی ایشیا علاقائی اقتصادی تعاون کی چیئرمین شپ سنبھالنے اور 26ویں وزارتی کانفرنس کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کئیریک کوریڈورز 5 اور 6 کے ذریعے وسطی ایشیا کو بحیرہ عرب سے جوڑنا چاہتا ہے، اب توجہ صرف ٹرکوں کی آمدورفت تک محدود نہیں ہونی چاہیے بلکہ ایسے راستے تشکیل دینا ضروری ہیں جو کاروبار کے لیے قابلِ اعتماد اور منافع بخش ہوں۔
وفاقی وزیر کے مطابق علاقائی راہداریوں کو اگلی نسل کے اقتصادی کوریڈورز میں تبدیل کرنا ہوگا، جس کے لیے ٹرانسپورٹ، لاجسٹکس، ڈیجیٹل رابطوں، توانائی اور قدرتی آفات سے تحفظ سمیت مختلف شعبوں کو ایک مربوط نظام میں شامل کرنا ضروری ہے۔



