ماتلی اسپتال میں انسانی خدمت کی مثال،بزرگ خاتون نے سونے کی بالیاں مدر اینڈ چائلڈ سینٹر کے لیے عطیہ کردیں

ماتلی (رپورٹ ۔اے۔ایم۔گدی/جانو ڈاٹ پی کے) ضلع بدین کے دوسرے بڑے شہر ماتلی کے تعلقہ اسپتال میں عوامی اعتماد اور خدمتِ انسانیت کی ایک منفرد مثال سامنے آئی ہے جہاں ماتلی کی بزرگ خاتون محترمہ صدیقاں زوجہ خوشی محمد بھٹی نے اپنی زندگی بھر کی جمع پونجی میں شامل قیمتی سونے کی بالیاں نو تعمیر شدہ مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ سینٹر کیلئے عطیہ کردیں۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر گلاب حسین کشمیری نے اس جذبۂ ایثار کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ محترمہ صدیقاں کا اپنی ذاتی اور قیمتی ملکیت انسانیت کی خدمت کیلئے وقف کرنا ایک عظیم اور قابلِ تقلید عمل ہے جو آنے والے برسوں تک ہزاروں ماؤں اور بچوں کیلئے فائدہ مند ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نو تعمیر شدہ مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ سینٹر میں ایک ہی چھت تلے رجسٹریشن، قبل از ولادت معائنہ (اے این سی)، بعد از ولادت معائنہ (پی این سی)، الٹراساؤنڈ، خاندانی منصوبہ بندی، حفاظتی ٹیکہ جات برائے مائیں اور لیبارٹری سیمپل کلیکشن سمیت متعدد بنیادی طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جس سے مریضوں کو بہتر اور بروقت طبی خدمات میسر آئیں گی۔ شہری حلقوں کے مطابق تعلقہ اسپتال ماتلی میں ڈاکٹر گلاب حسین کشمیری کی تعیناتی کے بعد عوامی تعاون سے اسپتال کی شکل بدل گئی ہے اور کینسر وارڈ، شعبۂ امراضِ چشم، جدید لیبارٹری، بزرگ مریضوں کا وارڈ، چلڈرن آئی سی یو اور دیگر طبی سہولیات قائم کی جا چکی ہیں۔ مقامی سماجی، کاروباری اور فلاحی حلقوں کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر غلام حسین کشمیری کی دیانت داری، شفافیت اور خدمتِ خلق کے جذبے کی وجہ سے شہریوں، مخیر حضرات اور بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں نے کھل کر اسپتال کی ترقی میں حصہ لیا، جبکہ محترمہ صدیقاں کا عطیہ اس عوامی اعتماد کا عملی ثبوت ہے جو اسپتال انتظامیہ پر کیا جا رہا ہے۔ ڈاکٹر گلاب حسین کشمیری نے تعلقہ اسپتال ماتلی کی انتظامیہ، ڈاکٹرز، عملے اور عوام کی جانب سے محترمہ صدیقاں اور ان کے اہلِ خانہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں صحت، خوشحالی، رزقِ حلال، سکونِ قلب اور درازیٔ عمر عطا فرمائے اور ان کے اس عظیم عطیے کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے۔

مزید خبریں

Back to top button