سرحد پار دراندازی کسی صورت برداشت نہیں، ملکی سلامتی پر سمجھوتہ نہیں ہوگا، کمانڈر اسٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا

ایبٹ آباد(جانوڈاٹ پی کے) کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا نے واضح کیا ہے کہ سرحد پار سے ہونے والی دراندازی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور ملکی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ملک کے چپے چپے کی حفاظت کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔

پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں پاسنگ آؤٹ کی پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سید عامر رضا نے کہا کہ کیڈٹس عملی زندگی میں قدم رکھنے کے بعد روزانہ مختلف چیلنجز کا سامنا کریں گے، اس لیے انہیں بہادری، جرات اور دیانت داری کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کرنا ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ دیانت داری، بہادری اور جرات کامیاب قیادت کے بنیادی اصول ہیں۔ کیڈٹس ملکی سلامتی کے تحفظ میں بھرپور کردار ادا کریں گے، جبکہ خواتین کی مسلح افواج میں شرکت باعثِ افتخار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ افواجِ پاکستان نے ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔

کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ نے کہا کہ پاکستان کی سرحدیں محفوظ ہیں اور مسلح افواج ملک کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ قومی سلامتی کے معاملے پر کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی اور سرحد پار سے دراندازی کا مؤثر جواب دیا جائے گا۔

جنرل سید عامر رضا نے خطے کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کا ثالثی کردار دیکھا گیا ہے اور حالیہ علاقائی کشیدگی کے دوران بھی پاکستان نے مثبت کردار ادا کیا۔ ان کے مطابق خطے میں پائیدار امن کے لیے تنازعات کا حل ناگزیر ہے۔

انہوں نے مسئلہ کشمیر پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ عالمی سطح پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل طلب معاملہ ہے اور خطے میں پائیدار امن کے لیے اس کا حل ضروری ہے۔ انہوں نے فلسطین میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خاتمے پر بھی زور دیا۔

تقریب سے خطاب میں جنرل سید عامر رضا نے کیڈٹس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے بہادر جوان ملک کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔ اب کیڈٹس کے کندھوں پر بھی ملکی سلامتی، وقار اور دفاع کی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے، جسے انہیں پیشہ ورانہ مہارت اور قومی جذبے کے ساتھ نبھانا ہوگا۔

پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں منعقدہ تقریب میں 73ویں انٹیگریٹڈ کورس اور 28ویں لیڈی کیڈٹ کورس کے کیڈٹس نے تربیت مکمل کی۔ اس موقع پر 154ویں پی ایم اے لانگ کورس اور 39ویں ٹیکنیکل گریجویٹ کورس کے شرکا بھی پاس آؤٹ ہوئے۔

مزید خبریں

Back to top button