اسلام کوٹ میں تجاوزات کے خلاف آپریشن،سڑکوں پر قائم غیر قانونی رکاوٹیں ہٹا دی گئیں

تھرپارکر(میندھرو کاجھروی) ٹاؤن کمیٹی اسلام کوٹ اور اسسٹنٹ کمشنر اسلام کوٹ عبدالغفار لاکھیر کی قیادت میں شہر کے مختلف علاقوں میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا گیا، جس کے دوران سڑکوں اور عوامی گزرگاہوں پر قائم غیر قانونی تجاوزات کو ہٹانے کے لیے کارروائی عمل میں لائی گئی۔

آپریشن کے دوران ہائی اسکول، گرلز اسکول، مسافر خانہ اور شہر کے دیگر اہم مقامات پر سڑکوں کے درمیان کھڑے سبزی کے ٹھیلوں، دکانوں کے سامنے رکھے گئے سامان اور دیگر غیر قانونی رکاوٹوں کو ہٹایا گیا۔ اس کے علاوہ دکانوں کے سامنے سڑکوں پر رکھے گئے لکڑی کے تختے اور دیگر سامان بھی ہٹانے کے لیے اقدامات کیے گئے۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر عبدالغفار لاکھیر نے دکانداروں اور تاجروں کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ آئندہ سڑکوں، فٹ پاتھوں اور عوامی گزرگاہوں پر سامان رکھنے اور غیر قانونی تجاوزات قائم کرنے سے گریز کریں۔

انتظامیہ کا کہنا تھا کہ تجاوزات کے خاتمے کا مقصد شہریوں کی آمدورفت کو آسان بنانا، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنا اور شہر میں نظم و ضبط کو یقینی بنانا ہے۔ دکانداروں اور تاجروں کو ہدایت کی گئی کہ وہ انتظامیہ کے احکامات پر عمل درآمد کریں تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

مزید خبریں

Back to top button