مٹھی: دیہی خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے آگاہی سیشن، خواتین کے حقوق اور معاشی خودمختاری پر زور

تھرپارکر(میندھرو کاجھروی) تھرپارکر میں محکمہ ترقیِ نسواں کی جانب سے سوشل کوآپریشن انیشی ایٹو کے تعاون سے دیہی خواتین کے لیے ایک آگاہی سیشن منعقد کیا گیا، جس میں خواتین کو ان کے قانونی حقوق، تحفظ، دستیاب سہولیات اور معاشی خودمختاری کے حوالے سے آگاہی فراہم کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق سیشن کی قیادت محکمہ ترقیِ نسواں تھرپارکر کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر منیت کمار نے کی۔ سیشن کا مقصد خاندانوں اور معاشرے کی ترقی میں دیہی خواتین کے اہم کردار اور خدمات کو تسلیم کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں اپنے حقوق اور دستیاب سہولیات سے آگاہ کرنا تھا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر منیت کمار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دیہی خواتین ملکی زرعی معیشت، سماجی ترقی اور خاندانی نظام کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ خواتین کو تعلیم، صحت، روزگار اور بنیادی سہولیات تک رسائی فراہم کرنے کے ساتھ ان کے حقوق کا تحفظ اور انہیں معاشی طور پر بااختیار بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیہی خواتین زراعت، مویشی پالنے، گھریلو ذمہ داریوں اور دیگر معاشی سرگرمیوں میں محنت اور ذمہ داری کے ساتھ اپنا کردار ادا کرتی ہیں، تاہم اس کے باوجود انہیں مختلف سماجی اور معاشی مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ خواتین کو مساوی مواقع فراہم کرنے، ان کی صلاحیتوں کو فروغ دینے اور فنی تربیت کے ذریعے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے سرکاری اداروں، سماجی تنظیموں اور دیگر متعلقہ فریقوں کو مشترکہ کوششیں کرنی چاہئیں۔ منیت کمار نے دیہی خواتین پر زور دیا کہ وہ اپنی صحت پر خصوصی توجہ دیں اور وقتاً فوقتاً ڈاکٹروں سے طبی معائنہ کروانے کے ساتھ ضروری ٹیسٹ بھی کراتی رہیں تاکہ بیماریوں کی بروقت تشخیص اور بہتر صحت کو یقینی بنایا جا سکے۔سیشن کے دوران دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور دیہی خواتین کی ترقی، حقوق کے تحفظ، صحت کی سہولیات اور معاشی خودمختاری کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

مزید خبریں

Back to top button